تحصیل کا یہ دوسرا شمارہ آپ کے پیش ِ نظر ہے۔اس کے اولیں شمارے کو قارئین کی جانب سے جو پذیرائی دی گئی اور جو پسندیدگی میسر آئی، یہ ہمارے لیے قابل ِ اطمینان اور لائق ِ شکر ہے۔ہم رب ِ ذوالجلال کی اس عنایت و سرپرستی پر حد درجہ ممنون و شکرگزار ہیں۔ہماری کوشش رہے گی کہ ہم اسی طرح اہل ِ ذوق اور صاحبان ِ دانش و فکر قارئین کی توجہ اور حوصلہ افزائی کے خواہاں رہیں۔’’تحصیل‘‘ کے توسط سے ہماری خواہش اور کوشش یہی ہے کہ عمدہ اور نتیجہ خیز مطالعات اور تحقیقات سامنے آتے رہیںاور متعلقہ علم کے موضوعات و مباحث میں نہ صرف اضافہ ہویا ان کی کمزوریاں دور ہوں بل کہ ممکنہ خلا بھی پُر ہوتے رہیں، اور ساتھ ہی اس میں پیش کردہ مقالات اہل ِ ذوق و جستجو کے ممکنہ مطالعات و تحقیقات کے لیے مہمیز اور مصدر و مآخذ بھی ثابت ہوں۔اس لیے تمام مطالعات اور تحقیقات کے ضمن میں ہماری ترجیحات میں ان کا معیار اولیت رکھتاہے اور دوسرے ان کے موضوعات بھی اہم ہیں کہ جن کا تعین علم و تہذیب کے تقاضوںاور ملک و معاشرے کی ضرورتوں کے پیش ِ نظر ہو۔Read More →